بھارت کیلئے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا

238

دبئی۔۔6ستمبر (اے پی پی):بھارت ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے دونوں میچوں میں شکست کے باوجود ایونٹ سے باہر نہیں ہوا، بھارت کی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لئے پاکستان کے دونوں میچوں پر نظریں جم گئیں۔

منگل کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ضرور ہوئے ہیں تاہم بھارت کیلئے اگر مگر کا کھیل ضرور شروع ہوگیا ہے۔

پاکستان کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کیلئے سری لنکا یا افغانستان میں سے کسی ایک ٹیم کو ہرانا ہوگا، پاکستان اگر اپنے دونوں میچ ہار جاتا ہے اور بھارت افغانستان کو شکست دیتا ہے تو پاکستان ، بھارت اور افغانستان تینوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوجائیں گے۔

دوسری طرف اگر پاکستان سری لنکا کو شکست دے اور افغانستان کرکٹ ٹیم بھارت اور پاکستان دونوں کو شکست دے تو سری لنکا، پاکستان اور افغانستان کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے اور بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ دو ٹیموں کے فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ ہو گا۔