نئی دہلی ۔19جولائی (اے پی پی):بھارتی کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)کے اعلامیے کے مطابق بھارت کی مردوں کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ سری لنکا کا دورہ کرے گی اور میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 27جولائی کو پہلے میچ سے ہوگا یہ میچ پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 28 جولائی جبکہ تیسرا اور آخری 30جولائی کو کھیلا جائے گا ۔
تینوں ٹی ٹونٹی میچزمیں بھارتی ٹیم کو سوریا کماریادیو لیڈ کریں گے ۔دونوں ٹیموں کے تینوں ٹی ٹونٹی میچز پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں ہی کھیلے جائیں گے،اس کے بعد بھارتی ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے کولمبو پہنچے گی جس کا پہلا میچ 2 اگست کو آرپریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائے گا،دوسرا ون ڈے میچ 4 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اگست کو کھیلاجائے گا۔تینوں ون ڈے میچز میں بھارتی ٹیم کو روہت شرما لیڈ کریں گے۔دونوں ٹیموں کے تینوں ایک روزہ میچز آرپریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔