اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اشتعال انگیزی کے جواب میں سخت کارروائی کرے گا اور اپنے دفاع کے لیے مزید اقدامات کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ خواجہ محمد آصف نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ ہمیں کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ’’اللہ اکبر، آج کی کامیابی نے قرض ادا کر دیا ہے ۔وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے فیصلہ کن کارروائی کی اور کامیابی سے ہندوستانی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف بقا کی جنگ لڑ رہا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی مسلح افواج کی صلاحیت کے اظہار سے بھارتی جارحیت کا مناسب جواب دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595216