بھکر۔ 18 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں و مجالس عزا کے مقامات کا تفصیلی دورہ کیا ۔اس موقع پر اے ڈی سی جی ارشد وٹو،اے سی بھکر مہتاب احمد خان،ایم سی و دیگر انتظامی افسران سمیت مرکزی لائسنس دار مجلس و جلوس عزا سید قلب عباس نقوی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے روٹس پر عمدہ صفائی ستھرائی کے انتظامات،جلوسوں کی گذرگاہوں پر ضروری تعمیر و مرمت ،سٹریٹ لائٹس کی بحالی
سی سی ٹی وی کیمروں کی فنکشنل حالت میں موجودگی سمیت دیگر انتظامی امور کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ایم سی اور دیگر متعلقہ ذمہ داران افسران کو ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد کچرے کے ڈھیروں کو مکمل ختم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں عزاداروں کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کی بھرپور مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا اس ضمن میں ہرگز کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔