بھکر۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے نا صرف کسان مضبوط ہوگا بلکہ ملکی معاشی ترقی میں بھی قابل ذکر اضافہ ممکن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے محکمہ زراعت کی طرف سے کاشتکاروں میں سفید مکھی کے خلاف سات سو ایکڑز کپاس پر سپرے کے لیے 700 پیک سفینہ پیسٹیسائڈ مفت تقسیم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر شوکت علی عابد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر امیر حسین اور کاشتکار حضرات بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو زراعت افسران کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاشتکاروں کی کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول میں اینگرو فرٹیلائزر کی طرف سے فراہم کردہ مفت پیسٹیسائڈ سفینہ مثبت نتائج فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں سے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار کے بارے میں دریافت کیا جس پر کاشتکاروں نے بتایا کہ وہ 25 سے 30 من کپاس فی ایکڑ حاصل کر چُکے ہیں ۔
انہوں نے کپاس کی پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کے افسران کو اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے بطور خاص ہدایات جاری کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کپاس کی فی ایکڑ مثالی پیداوار حاصل کرنے پر تمام کاشتکاروں کو مبارک باد پیش کی اور محکمہ زراعت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر شوکت علی عابد نے بتایا کہ اس سال حکومت پنجاب ضلع بھکر کے کاشتکاروں کو 4250 ایکڑز چنے کی کاشت کے لیے جدید اقسام کا بیج بھی آدھی قیمت پر فراہم کر رہی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر امیر حسین نے بھی خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کاشتکار اپنے علاقہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کو چنے کے بیج کی فراہمی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=398447