بہتر افزائش نسل کے لیے بھیڑ بکریوں کو زود ہضم خوراک اور کرم کش ادویات دیں،ڈاکٹر حیدر علی خان

421

فیصل آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ مویشی پال حضرات بھیڑ بکریوں کی بہتر افزائش نسل کے لیے انہیں زود ہضم خوراک اور کرم کش ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات حاملہ بکریوں کو آخری ماہ ریوڑ سے الگ رکھیں اور کسی بھی مشاورت کے لیے ماہرین لائیو سٹاک سے رابطے میں رہیں اور اعلیٰ پیداواری اوصاف کی حامل علاقائی نسل کی بکریاں پالنے کو ترجیح دیں کیونکہ یہ بکریاں زیادہ بچوں کی پیدائش کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہیں اور اس سے نسل میں بھر پور اضافہ ہوتا ہے۔علاوہ ازیں یہ دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان بکریوں کے بارے میں حفاظتی تدابیر کے پیش نظر خوردنی نمک کے ڈھیلے کھرلیوں میں ضرور رکھیں تاکہ بکریوں کو موسمی و متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت ڈویژن بھر میں قائم لائیو سٹاک ہسپتالوں، ویٹرنر ی ڈسپنسریوں اور دیگر لائیو سٹاک مراکز پر بھیڑوں، بکروں اور مویشیوں کو مختلف متعدی و موسمی امراض سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکے دستیاب ہیں لہٰذا جانوروں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوانے کا عمل بھی یقینی بنائیں ۔