بہت جلد کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اعلان کیا جائے گا،عثمان ڈار

54

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے کہاہے کہ بہت جلد کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اعلان کریں گے،حیدر علی جیسے نوجوان پاکستان کی شان ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے نوجوان حیدر علی سے ملاقات کے دوران کیا۔

سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈارنے شاندار کارکردگی پر حیدر علی کو مبارکباددی ہے۔حیدر علی کو کامیاب جوان کا خصوصی میڈل بھی پہنایا گیا۔ عثمان ڈار نے کہاکہ حیدر علی جیسے نوجوان پاکستان کی شان ہیں، ہمیں ملک میں کھیل کے میدان میں ایسے مزیدٹیلنٹ کوآگے لانے کی ضرورت ہے،

بہت جلد کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اعلان کریں گے، آپ محنت کریں حکومتی سرپرستی میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں ،ایتھلیٹ حیدر علی نے عثمان ڈار سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ حکومتی سطح پر سرپرستی ملی تو پاکستان کیلئے مزید میڈل جیتوں گا۔