بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت

104

مظفر آباد۔ 23 اپریل (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں بے گناہ سیاحوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،دنیا کا کوئی بھی مذہب انسانیت کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دیتا لیکن مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے ،اس سے قبل بھی بھارت نے ایسے او چھے ہتھکنڈے استعمال کرکے 2019 میں پلوامہ میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کئے بغیر ہی پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا تھا اور اب بھی بھارت نے پہلگام واقعہ کے وقوع پذیر ہونے کے صرف پانچ منٹ بعد ہی پاکستان کو بغیر کسی ثبوت کے اس گھنائونے حملے کاذمہ دار ٹھہرایا جو مودی کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے جرائم کو چھپانا چاہتا ہیے

لیکن بھارت کے اس جھوٹے پراپیگنڈے کو اب دنیا جان چکی ہے، بھارت اب عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آچکا ہیے کیونکہ بھارت نے کنیڈا سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہیں ،وہاں کی حکومتوں نےبھارتی حکومت کو سختی سے متنبہ بھی کیا جس سے دنیا بھارت کے مکروہ عزائم سے بخوبی آگاہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نائب صدر بھارت کے دورے پر ہیں اور اسی دوران بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچاکر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن بھارت کے ان مکروہ عزائم کی قلعی جلد دنیا کے سامنےآشکار ہو جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر فائرنگ کے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جبکہ فائرنگ سے جانبحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں،دنیا میں جہاں کہیں بھی ایسے واقعات ہوں ہم اسکی بھرپورمذمت کرتے ہیں ۔