اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے بیمارعازمین حج کی جگہ حج اداکرنے کے خواہش مندافراد کے 39 کیسوں کونمٹادیاگیاہے،عازمین حج کومناسب کھانا اوردیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہے۔جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں بیمارعازمین حج اوران کی جگہ حج اداکرنے کے خواہش مندافراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے متعلق شگفتہ جمانی اوردیگرکے توجہ مبذول نوٹس پرپارلیمانی سیکرٹری مذہبی امورشمشیرعلی مزاری نے ایوان کوبتایا کہ ابھی تک بیمارعازمین حج کی جگہ حج اداکرنے کے خواہش مندافراد کے 39کیسز آئے ہیں، خونی رشتوں کی بنیادپران تمام افرادکو اکاموڈیٹ کردیاگیاہے۔
شگفتہ جمانی نے بتایا کہ اس صورت میں ایسے عازمین سے 7لاکھ روپے زائد لئے جارہے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ عازمین حج کومناسب کھانا اوردیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہے،جن 39افراد کواکاموڈیٹ کیاگیاہے ان کی فہرست موجودہے۔شاہدہ رحمانی کے ضمنی سوال پروفاقی وزیرمذہبی امورسردارمحمدیوسف نے بتایا کہ بیمارعازمین حج کاکوئی اوربھی کیس ہوں توانہیں معاونت فراہم کرنے کیلئے تیارہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی عازمین کوکھانے کی فراہمی کاطریقہ کارمیرٹ کے مطابق ہوتاہے،سعودی قوانین کے مطابق کھانے کی فراہمی کیلئے ٹینڈرجاری کیاجاتاہے، پرکیورمنٹ کمیٹی میں 9ارکان تھے، اگرکوئی شکایت ہوں توہمیں باضابطہ طورپرآگاہ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ان کاروزانہ کی بنیادپرحج مشن کے ساتھ رابطہ ہوتاہے اوروہ معلومات حاصل کررہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600117