بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ 1,005,978 خاندانوں میں 25 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے،وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری

136
بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کوادائیگی کے طریقہ کارمیں تبدیلی لائی جائیگی، شازیہ مری

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ 1,005,978 خاندانوں میں 25 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اب تک ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ 1,005,978 خاندانوں میں شفاف طریقے سے 25,149,450,000 روپے تقسیم کر چکا ہے۔ فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس کے تحت بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25000 روپے فی خاندان فراہم کیے جا رہے ہیں۔

بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ 128,428 خاندانوں کو 3,210,700,000 روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 602,977 خاندانوں کو 15,074,425,000 روپے مل چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 123,269 خاندانوں کو 3,081,725,000 روپے اور پنجاب کے 151,304 خاندانوں کو 3,782,600,000 روپے موصول ہوئے ہیں۔

آج سیلاب سے متاثرہ 4,147 خاندانوں نے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں قائم مختلف کیمپوں سے نقد امداد موصول کی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔