بینک اسلامی کا ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کیلئے شجر کاری مہم اور بائیسیکل ریلی کا انعقاد

191
Bank Islami
Bank Islami

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پاکستان کے بڑے اسلامی مالیاتی ادارے بینک اسلامی نے ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کیلئے گذشتہ روز شجر کاری مہم اور ایک بائی سائیکل ریلی کا انعقاد کیا۔شجر کاری مہم کا انعقاد ایف نائن پارک میں کیا گیا جہاں تقریباً100 کے قریب پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر بینک اسلامی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جنہوں نے جوش وخروش کے ساتھ مہم میں حصہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کنٹری ہیڈ ڈسٹری بیوشن بینک اسلامی رضوان عطا ء نے کہا کہ ہم بینک اسلامی میں معاشرے اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہ شجر کاری مہم موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے اور سب کیلئے پائیدار مستقبل کی تعمیر کیلئے ایک چھوٹی سے کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بینک اسلامی کے پائیدار مستقبل کی تعمیر کیلئے بینک کے عزم کا حصہ ہے، بینک نے اپنے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں بینک کی بہت سی برانچوں کی شمسی توانائی پر منتقلی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی لحاظ سے ذمہ دار ادارے کے طور پر بینک اسلامی کمیونٹی کی فلاح وبہبود کیلئے ہمیشہ آگے رہا ہے اور یہ شجر کاری مہم معاشرے اور ماحول پر مثبت اثرڈالنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔