بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کل جمعہ کو شروع ہو گی

137

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، نیشنل جوڈیشل (پالیسی سازی) کمیٹی (این جے پی ایم سی) کے زیراہتمام 9 ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جو 23 اور 24 ستمبر 2022 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہو گی۔کانفرنس کا مرکزی خیال پاکستان کی آزادی کے 75 سال کی مناسبت سے اخذ کیا گیا ہے، جس کا عنوان”انصاف کی فراہمی: 75 سال- ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی طرف دیکھنا” ہے۔ کانفرنس میں معزز چیف جسٹسز، نامور ججز، اٹارنی جنرل پاکستان اور بیرون ملک سے ماہرین قانون، فقہا، سکالرز، دانشور اور وکلاء شرکت کریں گے۔

کانفرنس کا انعقاد قانون اور انصاف کے کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ جس میں انصاف کی فراہمی میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے کردار، عالمی چیلنجز، تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں انصاف کی فراہمی شامل ہیں۔

دنیا بھر کے ممتاز اسکالرز اور ماہرین اہم مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، جس سے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے بارے میں قیمتی بصیرت ملے گی۔ کانفرنس میں پانچ مختلف موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں (1) قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار، (2) ہم یہاں سے کہاں جائیں: انصاف کی فراہمی میں پولیس، پراسیکیوشن، وکلاء وغیرہ کا کردار، (3) موجودہ عالمی چیلنجز اور عدلیہ کا کردار، (4)۔ اقتصادی چیلنجز اور تنازعات کے تصفیہ کا طریقہ کار: قانون سازی کا جواب، مستقبل کے لیے حکمت عملی اور (5) انصاف اور ڈیجیٹل ایڈوانسمنٹ: آگے کیا ہے، شامل ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے جو پہلے دن سیشن 1 میں "قانون اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار” کے موضوع پر سے خطاب کریں گے۔ وفاقی شرعی عدالت کے معزز چیف جسٹس، ہائی کورٹس کے معزز چیف جسٹس صاحبان، معزز چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر اور معزز چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے اور 23 ستمبر 2022 کو منعقد ہونے والے پہلے دن کے پہلے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

اس کے بعد 24 ستمبر 2022 کو کانفرنس کے دوسرے دن دیگر موضوعاتی سیشن منعقد ہوں گے۔ جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز جج صاحبان موضوعاتی سیشنز کی صدارت کریں گے اور چیف جسٹس آف پاکستان کانفرنس کا اختتام کریں گے۔

کانفرنس کا انعقاد آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین جج سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس امین الدین خان اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین جسٹس محمد علی مظہر، جج سپریم کورٹ آف پاکستان اور جسٹس عائشہ اے ملک جج سپریم کورٹ پاکستان کی زیر نگرانی اور ایل جے سی پی کے سیکرٹریٹ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کا افتتاحی اجلاس کل بعد از نماز جمعہ شروع ہو گا۔