بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مینز ایونٹ کا ٹائٹل پنجاب اور ویمنز ایونٹ کا ٹائٹل سندھ نے جیت لیا

48

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کے مقابلوں کا ٹائٹل پنجاب اور خواتین ایونٹ کا سندھ نے جیت لیا ہے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر ایس ایم انعام الحق مہمان خصوصی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلی گئی بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کے ایونٹ میں پنجاب نے کامیابی حاصل کی جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس طرح خواتین کے مقابلوں میں سندھ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردوں کے فائنل میچ میں پنجاب نے سندھ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 24-26گول سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ خواتین کے فائنل میں سندھ نے پنجاب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 13-15 گول سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے سات ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل تھیں۔