بین سٹوکس کا ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے باعث آئی پی ایل 2024 میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

Ben Stokes
Ben Stokes

لندن۔23نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس نے ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے باعث آئی پی ایل 2024 میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنائی سپر کنگز نے اپنے بیان میں کہا کہ بین سٹوکس کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ انگلش آل رائونڈر نے بھارت میں حال ہی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے اپنی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی تاہم سٹوکس ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز کے دوران فٹنس مسائل کا شکار نظر آئے، سٹوکس نے ورلڈ کپ کے بعد گھٹنے کا آپریشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

سٹوکس اور ای سی بی فٹنس بحالی کے مطابق کرکٹ میں واپسی کی ٹائم لائن کا تعین کریں گے۔ بین سٹوکس آئی پی ایل 2023ء میں سپر کنگز کی طرف سے 1.98 ملین ڈالر کے ساتھ سب سے مہنگے ترین کھلاڑی تھے، انہوں نے صرف دو میچ کھیل کر15 رنز بنائے اور بائولنگ میں صرف ایک اوور ہی کروا سکے تھے۔ سٹوکس کی گھٹنے کی چوٹ طویل عرصے سے چلی آ رہی ہے لیکن رواں سال فروری میں انگلینڈ کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اس میں اضافہ ہوا ۔ ورلڈ کپ کے دوران بین سٹوکس نے انگلینڈ کی طرف سے 6 میچوں میں حصہ لیا جبکہ ابتدائی تین میچوں میں فٹنس مسائل کا شکار رہے۔