ڈیرہ غازی خان۔ 08 فروری (اے پی پی):مستحق خواتین میں جانوروں کی تقسیم کے حوالہ سے قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کی55سال سے کم عمر مستحق دیہاتی،طلاق یافتہ اور بیوہ کو گائے اور بھینس دینے کے سلسلہ میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری ثاقب علی عطیل کی زیرنگرانی لاہور میں آن لائن قرعہ اندازی ہوئی
جس میں ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے12اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹرز و ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک کے افسران نے شرکت کی۔یہ سکیم جنوبی پنجاب کے بہاولپور،ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن بشمول ضلع کوٹ ادو کے 12اضلاع کیلئے مخصوص ہے۔ اس سکیم کے تحت401مستحق خواتین آن لائن قرعہ اندازی میں کامیاب ہوئی ہیں جن کی لسٹ ویب سائٹ https://attrw.punjab.gov.pk/پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔