بیگم نصرت بھٹو وویمن یونیورسٹی سکھر کےفیکلٹی ممبرز اور طالبات کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات

131

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):بیگم نصرت بھٹو وویمن یونیورسٹی سکھر کےفیکلٹی ممبرز اور طالبات نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کو ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ملکی ترقی کے لیے خواتین کو با اختیار بنانے اور انہوں قومی دھارے میں لانا ضروری ہے۔

موجودہ حکومت خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لئے خواتین کا تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے۔ایجوکیشن کے ساتھ میرا گہرا تعلق ہے۔میں نے اپنے کیریئر کا آغاز بحثیت استاد کیا تھا،زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جذبے کا ہونا ضروری ہے۔

سپیکر نے کہا کہ اچھی نیت اور جذبے سے منزل مقصود کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ کا اپنی ذات اور صلاحیتوں پر یقین کامل کامیابی کے لیے ضروری ہے ۔زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنے کام کو وقت پر سر انجام دیں اور آج کا کام کل پر مت چھوڑیں۔