پی ٹی وی فلیکس کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین پی ٹی وی کی وسیع لائبریری تک آسان رسائی حاصل کریں گے، مریم اورنگزیب

238
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بے حد خوشی ہے کہ پی ٹی وی فلکس‎ کا آغاز کر دیا ہے اور جولائی 2022 سے اوٹی ٹی وڈیو سٹریمنگ کی شروعات ہو رہی ہے جس کے ذریعے ناظرین پوری دنیا سے پی ٹی وی کی وسیع لائیبریری تک رسائی حاصل کرلیں گے جن میں ٹی وی شوز، ڈرامے، ڈاکومینٹریز، سپورٹس اور دیگر پروگرام شامل پیں۔

اتوار کو جاری ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور دلی اطمینان اور مسرت کا باعث ہے کہ آج اس کا باضابطہ اعلان کر رہی ہوں۔ پی ٹی وی نے گزشتہ کئی برسوں میں جو کمال تخلیقات کی ہیں وہ ایک قومی خزانے کا درجہ رکھتی ہیں۔ دھوپ کنارے اور عینک والا جن جیسے یادگار ڈرامے ہماری اجتماعی یاد کا حصہ بن چکے ہیں۔ پی ٹی وی فلکس‎ پرانے اور آج کے دور کے تمام پروگراموں کی اس بڑی لائیبریری کو ناظرین تک پہنچائے گا۔

نوجوان نسل اس کے ذریعے ماضی کے شائقین کے پسندیدہ اور ناقابل فراموش پروگرام دیکھ پائیں گے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے کئی نسلوں کو متاثر کیا۔یہ ایپ آئی او ایس اور اینڈ رائیڈ پر ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ میری گزارش ہےکہ آپ سب یہ لنک ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے استعمال کریں۔ میں پی ٹی وی اور وزارت اطلاعات و نشریات کی تمام ٹیم کو بھرپور محنت سے اس آئیڈیا کو عملی شکل دینے پر مبارک پیش کرتی ہوں۔ ہمارے لیجنڈ فنکاروں بشری انصاری، جاوید شیخ اور خالد عباس ڈار کا خاص طور پر شکریہ جنہوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔