26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںتاج حیدر ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے سیاست،...

تاج حیدر ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے سیاست، ادب، سائنس اور فنون لطیفہ جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں، سینیٹر شبلی فراز

- Advertisement -

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے مرحوم سینیٹر تاج حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے سیاست، ادب، سائنس اور فنون لطیفہ جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔منگل کو سینیٹ اجلاس میں سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ میں اپوزیشن اور اپنی جماعت کی طرف سے سینیٹر تاج حیدر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، وہ ایک نظریاتی سیاستدان، ادبی گھرانے سے تعلق رکھنے والے منفرد انسان اور باوقار پارلیمانی کردار کے حامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر اپنی ذمہ داریاں نہایت ایمانداری اور خاموشی سے نبھاتے تھے، ان کے ساتھ میری زیادہ طویل ملاقاتیں نہیں ہو سکیں، لیکن جو بھی انٹریکشن ہوا وہ اہم اور باوقار تھا،سینیٹر تاج حیدر نے کینسر جیسے موذی مرض کے باوجود اپنے فرائض کی ادائیگی جاری رکھی، جو ان کے عزم اور جذبے کا ثبوت ہے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق کمیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ جب ہم نے اپنی حکومت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے کی کوشش کی، تو اس وقت پیپلز پارٹی کی مخالفت کے باوجود سینیٹر تاج حیدر نے کمیٹی کی سربراہی ذمہ داری سے نبھائی، انہوں نے انتہائی سنجیدگی اور غیرجانبداری کا مظاہرہ کیا

- Advertisement -

اور ہمیں کبھی یہ احساس نہ ہونے دیا کہ وہ کسی سیاسی دبائو کا شکار ہیں، انہوں نے اپنی تجاویز بھی دیں، جو بدقسمتی سے عملی شکل اختیار نہ کر سکیں۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہم اکثر ایسی عظیم شخصیات کو ان کی زندگی میں وہ پہچان اور قدر نہیں دے پاتے جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں، آج ہم انہیں یاد کر رہے ہیں، لیکن سچ یہ ہے کہ ان جیسے لوگ معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582273

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں