کوئٹہ۔19نومبر(اے پی پی)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے تبلیغی جماعت کے امیرحاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم مدبر،شفیق رہنماءو بزرگ شخصیت اور معلم سے محروم ہوگیا ہے ،پیرکو اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کی دینی خدمات تادیر یاد رکھی جائینگی ،محروم نے زندگی بھر انتہائی مشقت اور جہد مسلسل کے ساتھ دعوتی وتبلیغی کام کو حکمت وبصیرت سے آگے بڑھایا اور ان کا انسانیت پر مبنی مشن بے شمار افراد کی زندگیوں میں تبدیلی کا سبب بنا۔زبیدہ جلال نے حاجی عبدالوہاب مرحوم کے اہل خانہ اور متعلقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفرودس میں اعلیٰ مقام عطاءفرمائے۔