اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیرخزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے تین سال میں 55 لاکھ ملازمتیں پیداکی ہیں،عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک پاکستان کی ریٹنگ کو منفی کر دے گی۔
جمعرات کواپنی ٹویٹس میں انہوں نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے تین سالوں میں 55 لاکھ ملازمتیں پیدا کی ہیں جس کی سالانہ اوسط 18 لاکھ بنتی ہے، مسلم لیگ ن کی سالانہ اوسط 11 لاکھ اور پیپلزپاٹی کے دورحکومت میں اوسط 14 لاکھ بنتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر ان شاء اللہ ایک کروڑ ملازمتوں کا وعدہ ضرور پورا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک پاکستان کی ریٹنگ کو منفی کر دے گی۔مزمل اسلم نے بتایا کہ امریکا کی نامی گرامی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 18 ۔ 2017 میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت پانچ فیصد مہنگائی دکھاتی تھی اس وقت مہنگائی کی حقیقی شرح 35 فیصد تھی جو تحریک انصاف کی حکومت میں مسلسل کم ہو کر 2021 میں منفی ہو گئی تھی تاہم ایک سال میں مہنگائی بڑھی ہے اور 25 فیصد تک گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے مسلم لیگ ن کاایک اور جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہواہے۔