بین الاقوامی سازش اور بیرونی فنڈنگ سے عمران خان کی حکومت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پوری قوم وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے ، امید ہے ایم کیو ایم بھی مسلم لیگ (ق) کی پیروی کرے گی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

98

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ بین الاقوامی سازش اور بیرونی فنڈنگ سے عمران خان کی حکومت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سازش کرنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے،پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایم کیو ایم بھی مسلم لیگ (ق) کی پیروی کرے گی۔

منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے غیر ملکی فنڈنگ ​​کی جا رہی ہے،عمران خان آخری گیند تک لڑیں گے اور اتحادیوں سے مذاکرات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 31 مارچ سے بحث شروع ہو گی اور ووٹنگ 3 اپریل کو ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے درکار 172 ارکان کو نہیں لا سکی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں چاہے وہ اقتدار میں رہیں یا نہ رہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایم کیو ایم بھی مسلم لیگ (ق) کی پیروی کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہے اور 27 مارچ کو پی ٹی آئی کا بہت بڑا عوامی اجتماع اس کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لگائے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں اور اب وفاقی دارالحکومت میں تمام سڑکیں صاف ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اسلام آباد سے مذموم عزائم رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ان پر انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا۔اسی طرح پشاور میں مسجد پر حملے میں ملوث چار دہشت گرد بھی کارروائی میں مارے گئے۔

انہوں نے وزارت داخلہ، رینجرز، ایف سی، پولیس، مقامی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور تمام عوامی اجتماعات اور مارچوں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر ان کی کاوشوں کوسراہا۔ایف سی، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر کے اہلکاروں کو واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ رینجرز کو بھی جلد واپس لے لیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ حکومتی مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں تاہم ایم کیو ایم کا فیصلہ بہت فیصلہ کن ہوگا۔