اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) دفترخارجہ نے کہاہے کہ کرتارپورراہداری کاافتتاح اہم تاریخی واقعہ ہے جو پاکستان اوربھارت دونوں کیلئے کئی مواقع فراہم کرے گا، راہداری کی تعمیر کا کام باباگرونانک کے آئندہ سال نومبرمیں جنم دن سے قبل مکمل ہوگا۔بدھ کو کرتارپورروانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری کھولنے کا اقدام اٹھایا ہے جسے بھارت کے عوام سمیت وسیع تر پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج تاریخی دن ہے اوریہ اقلیتوں کوشامل کرنے اورانہیں ان کے حقوق دینے کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کا اہم قدم ہے۔انہوں نے اس امیدکا اظہارکیاکہ یہ راہداری ”مفید“ ثابت ہو گی، راہداری کھولنے سے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کی زیارت میں سہولیات ملے گی۔ایک سوال پرترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ راہداری کی تعمیر کا کام سکھ مذہب کے مذہبی رہنماءباباگرونانک کے آئندہ سال نومبرمیں جنم دن سے قبل مکمل ہوگا۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان اسلام آباد اورنئی دہلی کے درمیان خلیج کو کم کرنے کیلئے تمام ضروری اوراہم اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔