اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ سٹریٹجک استحکام خطے کے ملکوں کی مشترکہ زمہ داری ہے، پاکستان میں بھارتی کی تخریبی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،کلبھوشن کیس پاکستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔خلائی ٹیکنالوجی ہر ملک کا حق ہے لیکن یہ پر امن مقاصد کیلئے ہونا چاہیئے۔پاکستان کا بھی پر امن مقاصد کیلئے مستحکم خلائی پروگرام جاری ہے۔پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے ،ہماری مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی ہر ملک کا حق ہے لیکن یہ پر امن مقاصد کیلئے ہونا چاہیئے۔پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے۔بھارت کے خلائی ٹیکنالوجی اور میزائل پروگرام سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی تخریبی سرگرمیاں اور سی پیک منصوبے کو سبو تاژ کرنے کی کوششیں کسی ڈھکی چھپی نہیں تاہم پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔ہماری مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ہیں۔کلبھوشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سزا ہوئی ہے۔بھارت آج تک اس بات کا جواب نہیں دے سکا کہ کلبھوش یادیو کے پاس مبارک حسین کا پاسپورٹ کہاں سے آیا۔