اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے لیکس فریڈمین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران بھارتی وزیر اعظم کے ریمارکس کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ریمارکس گمراہ کن اور یکطرفہ ہیں، وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو جان بوجھ کر چھوڑ دیتے ہیں جو اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام کو بھارت کی پختہ یقین دہانیوں کے باوجود گزشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مظلومیت کی بھارت کی فرضی داستان پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی منظور شدہ جبر میں ملوث ہونے کو چھپا نہیں سکتی۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے غیر ملکی علاقوں میں ٹارگٹڈ قتل، بغاوت اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے بنیادی تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ تعمیری مشغولیت اور نتیجہ خیز مذاکرات کی وکالت کی ہے تاہم جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم کا یرغمال بنا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت سے نکلنے والا پاکستان مخالف بیانیہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرنے ساتھ ساتھ امن اور تعاون کے امکانات کو روکتا ہے، جسے رکنا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573537