ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان کی طرف سے ابتک 171 ٹن امدادی سامان بھجوایاجاچکا ہے ،چیئرمین این ڈی ایم اے

102

اسلام آباد۔ 12 فروری (اے پی پی):چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان کی طرف سے ابتک 171 ٹن امدادی سامان بھجوایاجاچکا ہے جبکہ مزید 447ٹن امدادی سامان این ایل سی ٹرکوں کے ذریعے روانہ کردیا گیا ہے، امدادی سامان میں سردیوں کے لیے فیملی خیمے اور کمبل شامل ہیں ِ ، ترکیہ میں پاک آرمی اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زلزلہ کے 100 گھنٹے بعد بھی گیارہ زخمیوں کو ملبے سے زندہ نکال لیا ہے ۔

اتوار کو یہاں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج کے حوالے سےنیشنل ایمر جنسیز آپریشن سنٹر( این ای او سی )کا خصوصی جائزہ اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک ،ترک سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی ،ڈی جی این ایل سی،وزارت صحت ، وزارت اطلاعات و نشریات، پاک بحریہ اور پی ڈی ایم ایز کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تر کیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، شام میں پاکستان کے سفیر ایئر مارشل (ر) شاہد اختر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چئیرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اب تک 162 ٹن سامان ترکیہ جبکہ 9 ٹن امدادی سامان شام بھجوایا جا چکا ہے، مزید 1600 ٹن فوڈ بیگز اور 195 ٹن خیمے دونوں ممالک میں بھجوایا جا ئے گا جبکہ شام کے لیے ریسکیو و میڈیکل ٹیموں کا بندوبست کیا جا رہا ہے، ڈبل پلائی ٹینٹ پر مشتمل 195 ٹن کی کھیپ اور 1600 ٹن فوڈ بیگز کی خریداری کا عمل جاری ہے جو آنے والے دنوں میں این ایل سی ٹرکوں اور پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے دونوں ممالک کو روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے شام اور ترکیہ کے لیے اضافی ریسکیو اور میڈیکل ٹیموں کو بھی مربوط کر رہا ہے۔

ملک بھر میں زلزلہ متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کے 13 پوائنٹس قائم کردئیے ہیں۔اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ترکیہ اور شام کے ساتھ ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فنڈ ریزنگ مہم جاری ہے۔وفاقی وزیر نے فوری امداد کی فراہمی پر این ڈی ایم اے کی تعریف کی اور زلزلہ سے متاثرہ ممالک کے لیے ضروری ادویات کے ساتھ موبائل میڈیکل ٹیموں کا بندوبست کرنے پر زور دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر نے امدادی سرگرمیوں کو اولین ترجیح دینے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے ترکیہ کی جانب سے اضافی انسانی امداد بھیجنے کی درخواست بھی کی جس میں انسولڈ ٹینٹ، سولر بیٹریز اور جنریٹرز شامل ہیں۔

ڈی جی این ایل سی نے شام اور ترکیہ کے لیے امدادی سامان کے لیے روڈ لاجسٹک انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے عوامی مہم کے ذریعے 7986 کمبل اور 221 فوڈ بیگز اکٹھے کیے ہیں جنہیں این ڈی ایم اے کے حوالے کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور شام میں پاکستان کے سفیر ایئر مارشل (ر) شاہد اختر نے اجلاس کو اپنے اپنے ممالک میں زلزلہ متاثرین کی موجودہ صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔