انقرہ۔08 فروری(اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی کا کردوں سے کبھی بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں امریکن چمبر آف کامرس اور ترک امریکن کونسل کے اراکین سے ملاقات کہا کہ ترکی کو کردوں سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ لاحق نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم پی کے کے/ پی و آئی ڈی کی دہشت گردوں کومقامی کردوں کے ساتھ جوڑنا یا ان سے منسلک کرنا ایک حقارت کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ترک امریکا تعلقات تمام مشکلات اور کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کے باوجود امتحان پر پورا اترتے ہوئے فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور امریکا کے درمیان مشترکہ مفادات پر مبنی، مضبوط، جامع اور سٹریٹجک تعلقات موجود ہیں۔ ہمارے تعلقات اکثر و بیشتر اونچ نیچ کا شکار ہوتے رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود مشکلات کو دور کرتے ہوئے آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔