سیالکوٹ۔23فروری (اے پی پی):پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیرعرفان نذیروغلو نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی)کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر اکرام الحق ، نائب صدر عمر خالدنے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا۔ اکرام الحق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہترین قریبی تعلقات ہیں جن سے دونوں ممالک کی عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن مخلصانہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم ، امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ وژن ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہیے۔اس موقع پر ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی حجم بڑھے گا جو کہ ضروری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو باہمی تجارت اور اقتصادی شراکت داری میں نظر آنا چاہیئے۔
انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دستاویزی فلم "سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل” میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی جو اس اجلاس کے دوران دکھائی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔
اجلاس کے احتتام پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق کی جانب سے معزز مہمانوں کو سیالکوٹ چیمبر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ سابق ایگزیکٹو رکن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سیدہ شبینہ گیلانی، سابق ایگزیکٹو رکن وومن چیمبر آف کامرس سیالکوٹ مس لبنیٰ تبسم ایڈووکیٹ، ایگزیکٹو رکن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اعجاز احمد غوری و دیگر بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565061