تصور سے زیادہ پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا ، حکومت نے انتہائی اعلیٰ انتظامات کیے، معروف اسکالر ڈاکٹرذاکر نائیک کی راولپنڈی میں پریس کانفرنس

117
Dr. Zakir Naik
Dr. Zakir Naik

راولپنڈی ۔29اکتوبر (اے پی پی):معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان کے دورے کے اختتام پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصور سے زیادہ پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا اور حکومت نے انتہائی اعلیٰ انتظامات کیے۔

معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان کے دورے کے اختتام پر راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں پاکستان کا دورہ کامیاب رہا، اللہ کے بعد حکومت پاکستان، وزارت مذہبی امور اور وفاقی وزیر چوہدری سالک کا شکریہ کیونکہ ان کے دعوت پر آیا اور انہوں نے میرا خیال رکھا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وفاقی حکومت، وزیر اعظم اور ڈپٹی وزیر اعظم، حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکریہ، پاکستان میں میرے تصور سے 10گنا زیادہ پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا، کئی برسوں سے کئی ممالک جا رہا ہوں اور ہزاروں پاکستانیوں سے ملا ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتہائی اعلیٰ انتظامات کیے اور افسران کتنے گھنٹے ساتھ رہے، 1991 میں پاکستان ایک بار آیا تھا مگر اب پہلا سرکاری دورہ ہے، کئی برسوں کی تمنا پوری ہوئی، لوگوں اور مذہبی اداروں نے محبت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ میلان میں 1994 میں گیا، اسی طرح کئی ممالک کے سینکڑوں دورے کیے، پاکستان کا دورہ بہت اچھا لگا، لوگوں سے جو محبت یہاں ملی وہ کہیں اور نظر نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا کہ جو حق پر ہوتا ہے اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو شخص حق پر ہو اس کے عموماً دشمن بھی بن جاتے ہیں، قرآن کریم میں بھی کہا گیا ہے کہ حق سچ کہنے والوں کی مخالفت ہوتی ہے، کوئی شخص غلطی پر ہو تو معافی مانگ لینی چاہیے، تنقید کی وجہ سے حق سچ کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔

ڈاکٹرذاکر نائیک نے کہا کہ مسلمانوں پر مشکل وقت ہے، اللہ تعالی ہمارا امتحان لے رہا ہے، فلسطینی تو پاس ہو جائیں گے ہمارا کیا بنے گا، یہ تو قرآن پاک میں ہے کہ قیامت سے پہلے ساٹھ سال مسلمان غالب رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام علماء کو پیغام ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا، علماء اور سیاستدانوں کا آپس میں گہرا تعلق ہونا چاہیے، حکمران اور علماء کو ملک کی ترقی کے لئے ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ڈاکٹرذاکر نائیک نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر حکمرانوں کو علماء سے رائے لینی چاہئے، فلسطین کے معاملے پر بیٹھ کر بات کریں تو ممکن ہے کوئی بہتر حل نکلے۔