25.5 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومعلاقائی خبریںتعلیم عام کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے ،...

تعلیم عام کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے ، مقررین

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں تعلیم عام کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے اور شعور اجاگر کرناہوگا تاکہ جہالت کے اندھیرے دور کرکے آنیوالی نسلوں کو ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت دی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے خطاب میں مقررین نے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹرز کاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن کشور ناہید، ڈی او لٹریسی نوید الحق،پرنسپل ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈ راؤمحمد اقبال و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواندگی انسان کے شعور و آگاہی کو جلا بخشتی ہے اورتعلیم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں جبکہ سوفیصد شرح خواندگی ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ویژن کے مطابق تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے منظم و ٹھوس اقدامات تعلیمی شعبے کی ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن اس بات کا متقاضی ہے کہ شرح خواندگی میں اضافے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار اداکریں ۔

- Advertisement -

خواندگی کے فروغ کیلئے سماجی سطح پر بھرپور تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جہالت ختم کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجتماعی جدوجہد سے دور کرکے معاشرے کے ہر فرد کو علم کی روشنی سے آراستہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جہالت کے اندھیروں کو دور اور قوم کے نونہالوں کو تعلیم کی وسیع سہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاہم ناخواندگی کے خلاف جہاد میں معاشرے کے ہر فرد کو شامل ہوجانا چاہیے اور جو والدین بعض معاشی مجبوریوں کی وجہ سے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے سے گریزاں ہیں ان کی مدد کرکے تعلیم کی جانب راغب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں علم حاصل کرنا فرض کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ شعور وآگہی اورترقی وخوشحالی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں لہٰذا معاشرتی رویوں اور سوچ کا رخ علم کی قدروقیمت کی جانب کرتے ہوئے تعلیم یافتہ قوم پروان چڑھائی جائے۔ مقررین نے علم کی اہمیت وافادیت پرروشنی ڈالی اور کہا کہ مسلم معاشرہ علم کا وارث ہے جس میں ناخواندگی کانام ونشان بھی نہیں ہوناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ہم اپنے معاشی وسماجی مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور جس سے معاشرے میں امن،برداشت،صبر اورباہمی احترام کے جذبات کوتقویت حاصل ہوگی۔

ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی نوید الحق بٹ نے سیمینار کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اور کہا کہ پنجاب بھر میں غیر رسمی تعلیم کے 335سے زائدسکول کام کررہے ہیں جن میں ساڑھے 12 ہزارسے زائدبچوں کو تعلیمی سہولتیں اور ووکیشنل ٹریننگ فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لٹریسی ان ڈیجیٹل لائف کی تعلیم کے مطابق ہمیں تعلیمی میدان میں جدت کوفروغ دیکر اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم کے حصول کے بغیر نہیں رہے۔سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔سیمینارکے اختتام پر واک بھی منعقد ہوئی جس میں شرکانے تعلیم کی اہمیت پر مشتمل بینرز اورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386883

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں