26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںتمام متعلقہ ادارے کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر کھاد کی فراہمی...

تمام متعلقہ ادارے کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ (کل )منگل تک پیش کریں، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، نگران وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پرکھاد کی فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ (کل )منگل تک پیش کریں، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، صوبائی سرحدوں پر کھاد کی نقل وحمل کی نگرانی کی جائے اور وہ کھاد جو صوبائی ضرورت کو پوری کرنے کیلئے ہو اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ملک میں یوریا کھاد کی طلب و رسد اور قیمت پر ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزراء ڈاکٹر شمشاد اختر، کیپٹن (ر) شاہد اشرف تارڑ، ڈاکٹر کوثر عبدالملک، محمد علی، متعلقہ اعلیٰ حکام اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کو ملک میں یوریا کھاد کی حالیہ پیداوار، طلب اور کسانوں کو فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں یوریا کی پیداوار اور سٹاک گندم کی حالیہ فصل کیلئے کافی ہے جبکہ بفر سٹاک کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے جس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمتوں پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

- Advertisement -

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کیلئے تمام صوبوں کی کابینہ میں سمریاں جلد منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو یوریا کھاد کی حکومتی رعایتی نرخوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا یقینی بنائے ، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد پر حکومتی سبسڈی کسانوں جو اس کے صحیح مستحق ہیں، تک پہنچائی جائے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر یوریا کی بلا تعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل بنا کر فوری طور پر پیش کیا جائے، وزارت صنعت اور وزارت غذائی تحفظ صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائیوں میں معاونت یقینی بنائے، صوبائی سرحدوں پر کھاد کی نقل وحمل کی نگرانی کی جائے اور وہ کھاد جو صوبائی ضرورت کو پوری کرنے کیلئے ہو، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے کھاد کی کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ (کل ) منگل تک پیش کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوریا کھاد پر سبسڈی کا بوجھ تمام صوبے اپنی اپنی کھپت کے تناسب سے اٹھائیں، فصل کی بوائی کے دوران یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں اور متعلقہ صنعت سے مشاورت سے ایک جامع فریم ورک مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418836

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں