23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 6, 2025
ہومقومی خبریںتمباکو مصنوعات پر درج مضرِ صحت ہونے کے پیغامات تمباکو نوشی کی...

تمباکو مصنوعات پر درج مضرِ صحت ہونے کے پیغامات تمباکو نوشی کی روک تھام میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں ، ماہرین

- Advertisement -

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):طبی و سماجی ماہرین نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی کی جانب راغب کرنے کے لئے گمراہ کُن و پُرکشش مہم باعثِ تشویش ہے ، تمباکو مصنوعات پر درج مضرِ صحت ہونے کے پیغامات تمباکو نوشی کی روک تھام میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں تاہم تمباکو نوشی کے خاتمے کے لئے مزید جدو جہد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی اور وائٹل سٹرٹجیز کے اشتراک سے ”نئی نسل کی تمباکو نوشی کے خاتمے کے حوالے سے کردار“ پر توانا حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے نائب سر براہ ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ تمباکو مصنوعات کے فروغ کو روکنے کے لئے سول سوسائٹی و حکومتی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ تمباکو صنعت کی طرف سے سحر انگیز و پُر کشش مہم جوئی کے ذریعے نو جوانوں کو تمباکو مصنوعات کی جانب راغب کر رہے ہیں، جدید تمباکو مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت تشویشناک ہے، غیر روایتی تمباکو مصنوعات کا سوشل میڈیاکے ذریعے فروغ ریاستی ادروں اور غیر سرکاری اداروں کے لئے کھُلم کھُلا چیلنج ہے جس پر فوری سخت اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو صارفین کی مفصل آگاہی کے لئے موثر مہم جوئی و آگاہی کی ضرورت ہے تاکہ تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ سیمینار کے موقع پر ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے ڈاکٹر منہاج السراج نے کہا کہ تمباکو کی صنعت سے وابستہ افراد پالیسی سازی و عملدرآمد میں اہم رکاوٹ ہیں، تمباکو مصنوعات کی پیکنگ پر پیغامات درج کرنے کے ساتھ ساتھ تمباکو کے فروغ کو روکنے میں ذرائع ابلاغ کے دیگر اسلوب سے بھی استفادہ کیا جائے۔

سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے انیشیٹو کی سر براہ ڈاکٹر امینہ خان نے کہا کہ تمباکو مصنوعات پر درج کئے جانے والے پیغامات کا سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر جائزہ لے کر ترقی یافتہ ممالک میں جاری مہم سے موازنہ کر کے بہتر و موثر کیا جائے تا کہ پاکستان میں بھی موثرتنائج حاصل کئے جا سکیں۔ اس موقع پر ادارہ ثمر کے سر براہ مظہر عارف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو مصنوعات کی حوصلہ شکنی کے لئے سیاسی قیادت کو موثر کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تا کہ تمباکو کی روک تھام کے لئے بھر پور طاقت سے پالیسی سازی کرتے ہوئے ان پر عمل در آمد کیا جائے۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے تکنیکی ماہر ڈاکٹر وسیم افتخار جنجوعہ نے کہا کہ تمباکو مصنوعات پر مضر صحت کے پیغامات غیر مبہم ، واضح اور مقامی زبانوں میں بھی درج ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے تمباکو مصنوعات پر مضرِ صحت پیغامات کے حوالے سے قانون سازی 1979 ءمیں کی۔ انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ تمباکو مصنوعات کے زیادہ تر حصہ پر مضر ِ صحت کے واضح پیغامات درج کئے جائیں جو کہ چالیس فیصد سے زیادہ ہو۔ اس موقع پر وائٹل سٹرٹجیز کے ٹیکنیکل ایڈوائزر خرم ہاشمی نے کہا کہ معاشرے کو تمباکو سے پاک کرنے کے لئے جدید تحقیق اور شواہد کی بنیاد پر ذرائع ابلاغ کو جاندار مواد فراہم کیا جائے تا کہ وہ عوام کو موثر آگاہی فراہم کر سکیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407331

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں