توانائی مسائل کے حل کیلئے سارک ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے‘ چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی

122
Nepra
Nepra

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) سارک انرجی ریگولیٹرز اور نیپرا کے چیئرمین طارق سدوزئی نے کہا ہے کہ توانائی کے مسائل کے حل کیلئے سارک ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان ایران سے سو میگاواٹ بجلی پہلے ہی درآمد کر رہا ہے، کاسا 1000 منصوبہ کے تحت پاکستان اور افغانستان وسطی ایشیائی ممالک سے 1300 میگاواٹ بجلی درآمد کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سارک انرجی ریگولیٹرز کے 2 روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارک ریگولیٹرز کو سستی روایتی اور قابل تجدید توانائی کے حصول پائیدار ترقی کیلئے بجلی کی ایک دوسرے کو ترسیل کیلئے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1200 میگاواٹ بجلی کی درآمد کیلئے بھارت کو مفاہمت کی یادداشت کا ایک مسودہ جمع کرایا ہے، نیپرا نے بجلی کی فروخت کیلئے غیر ملکی جنریشن کمپنیوں کو اجازت دینے سے متعلق عبوری قوانین بنائے ہیں، پاکستان نے بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔