اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) تھانہ لوہی بھیر پولیس ٹیم نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی 8 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد ایک منظم گینگ کے رکن تھے جو موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ گینگ نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے گروہ کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز نے کہا کہ شہریوں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشہ ور مجرموں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کو عبرت ناک سزا کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہر میں امن کو یقینی بنانے کے لیے موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کے خلاف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔