تھر میں کوئلہ کے 175ارب ٹن کے ذخائر درآمدی تیل پر انحصار کے بغیر ملک کو توانائی میں خود کفیل بنا سکتے ہیں ،عمار حبیب

126
تھر میں کوئلہ کے 175ارب ٹن کے ذخائر درآمدی تیل پر انحصار کے بغیر ملک کو توانائی میں خود کفیل بنا سکتے ہیں ،عمار حبیب

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):تھر میں کوئلے کے ذخائر ملک میں توانائی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ معاشی تجزیہ کار عمار حبیب نے کہا ہے کہ تھر میں کوئلہ کے 175ارب ٹن کے ذخائر درآمدی تیل پر انحصار کے بغیر ملک کو با آسانی توانائی میں خود کفیل بنا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے حالیہ عالمی بحران سے قیمتوں کے مسائل پیدا ہوئے ہیں حکومت کو چاہئے کہ کوئلہ کے وسیع ذخائر سے بھرپور استفادہ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تیل کی قیمتوں کے حالیہ بین الاقوامی بحران کے بعد درآمدی توانائی اور ادائیگیوں کے بحران سے بچنے کیلئے مقامی وسائل سے استفادہ کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ تھر میں کوئلہ کے وسیع ذخائر سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سستی توانائی حاصل کرے۔

عمار حبیب نے کہا کہ درآمد کی گئی توانائی سے ہمارے ادائیگیوں کے نظام پر بوجھ پڑھ رہاہے اور جب تک ہم درآمدات پر انحصار کی بجائے خود انحصاری اور اپنے وسائل سے استفادہ کو یقینی نہیں بنائیں گے تو ہماری کرنسی میں بھی استحکام مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول پر سرمایہ کاری کو دو گنا کرنا چاہئے تاکہ مقامی قدرتی وسائل سے زیادہ سے زیادہ توانائی حاصل کی جا سکے۔