لاہور۔21اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری سے سندس فائونڈیشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں لاہور میں تھلیسیمیا سے آگاہی کے حوالے سے میراتھن کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سندس فاونڈیشن کے وفد کی قیادت صدر محمد یاسین خان نے کی جبکہ ان کے ہمراہ چیف آپریٹنگ آفیسر عبدالستار اور سپورٹس کوآرڈینیٹر افتخار الہی بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد کلیم اور ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم بھی شریک تھے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے کہا کہ تھلیسیمیا سے آگاہی کیلئے سپورٹس بورڈ سندس فاونڈیشن کے ساتھ مل کر بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کرے گا،جہاں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے 300 سے زائد ملازمین اور کھلاڑی خون عطیہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب تھلیسیمیا آگاہی میراتھن کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ڈی جی سپورٹس پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نیا ٹیلنٹ سامنے لانا اور ہر کھیل کو فروغ دینا ہے۔خضرافضال چودھری نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ کے تحت اسکالر شپ بھی فراہم کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585162