راولپنڈی ۔15اپریل (اے پی پی):پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں تین روزہ بین الاقوامی ہارٹی کلچر کانفرنس اور ایکسپو 2025 باغبانی کی تبدیلی: پائیدار فوڈ سیفٹی اینڈ سکیورٹی کے موضوع پر شروع ہو گئی ہے۔ کانفرنس کا انعقاد بارانی زرعی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ہارٹیکلچر نے پاکستان سوسائٹی فار ہارٹیکلچرل سائنس کے تعاون سے کیا ہے جس کا مقصد علم کا اشتراک، نیٹ ورکنگ اور تعاون، پائیداری، نوجوان پیشہ ور افراد اور طلباء کو با لخصوص باغبانی کے شعبہ میں مستقبل کے رہنما بننے کے لئےمواقع فراہم کرنا شامل ہے۔پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رولے کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی مہمان خصوصی تھیں۔اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی پالیسیوں اور معاشرے کی شمولیت کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے ایسی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا جو خوراک کے حقوق کو ترجیح اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو فروغ دیں اور آبادی کے لیے ضروری خوراک فراہم کریں۔ انہوں نے پاکستان میں پائیدار زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی زور دیا۔فلورنس رولے نے مزید کہا کہ ہارٹیکلچر کی مصنوعات، غذائیت کو بہتر بنانے اور آبادی کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بارانی زرعی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے اپنے خطاب میں شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کانفرنس میں شریک محققین اور ماہرین ایک ایسی پالیسی مرتب کرنے میں کامیاب ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی غذائی تحفظ کو بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کانفرنس کے منتظم پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خاں نے کہا
کہ اس کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی معروف اداروں کے 350 سے زائد سکالرز شرکت کر رہے ہیں اور ترکیہ، ملائیشیا، سری لنکا، چائنہ، نائجیریا کے مندوبین بھی شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے شرکا کو بتایا کہ ہارٹیکلچر ایکسپو اور پھولوں کی نمائش بھی اس کانفرنس کا حصہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582469