جامعة الازھر کے شعبہ اردو کے 12 رکنی وفد کاعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ

258

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) پروفیسر ڈاکٹر نوہا مصطفیٰ محمودکی قیادت میں مصر کی جامعة الازھر کے شعبہ اردو کے 12 رکنی وفد نے اردو زبان و ادب کی اعلیٰ تعلیم کے حصول اور تعلیم و تحقیق کے میدان میں باہمی تعاون بڑھانے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ مصری وفد کے دورے کا اہتمام وزارت تعلیم نے کیا تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم، سینئر اساتذہ اور پرنسپل آفیسرز نے وفد کی یونیورسٹی آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں ممالک کی جامعات نے طلبہ کو اردو اور عربی زبانوں میں ریسرچ بیسڈ فیکلٹی سپورٹ کی فراہمی کے لئے معاہدے میں توسیع کی تجویز پر اتفاق کیا ۔ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ دونوں جامعات کے مابین تعاون کے دائرہ کار میں توسیع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مضامین میں بھی ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے راستے تلاش کرنے چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی جامعہ الازھر کے طلبہ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح پر زبانیں سیکھنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔