جامعہ اشرفیہ لاہور کے ناظم حافظ اسعد عبید انجمن حمایت اسلام کے نائب صدر منتخب

36

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):جامعہ اشرفیہ لاہور کے ناظم شعبہ نشر و اشاعت و تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر امور خارجہ مولانا حافظ اسعد عبید برصغیر کی قدیم ترین فلاحی و تعلیمی تنظیم انجمن حمایت اسلام کے سہ سالہ انتخابات2025-28میں ریفارمرز کے مقابلے میں یونائیٹڈ گروپ کی طرف سے بھاری اکثریت کے ساتھ نائب صدر منتخب ہوگئے۔ حافظ اسعد عبید نے کامیابی کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ انجمن حمایت اسلام کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق ہے، میرے والد مرحوم جامعہ اشرفیہ لاہور کے سابق مہتمم حضرت مولانا محمد عبیداللہ قاسمی(ستارہ امتیاز)ایک عرصہ تک انجمن حمایت اسلام کے سینئر عہدیدار کی حیثیت سے علمی

تعلیمی ورفاہی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں اور میں بھی حسب سابق انجمن حمایت اسلام کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق، انسانیت کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لیے شبانہ روز اپنی کوشش جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یونائیٹڈ گروپ کے رہنما میاں محمد منیرکی سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر انتخابات سے قبل ہی بلامقابلہ کامیابی اوردیگرتمام امیدواروں کا بھی واضح اکثریت سے کامیاب ہونے پر ہم نہایت ہی عاجزی کے ساتھ اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر خدمت خلق اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے منتخب کیا ،اللہ تعالی ہمیں دیانتداری و خیر خواہی اور خدمت خلق کے جزبہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔