جامعہ بلوچستان کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیزاینڈ ریسرچ کا 183واں اجلاس

169

کوئٹہ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرصدارت جامعہ بلوچستان کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیزاینڈ ریسرچ کا 183واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جامعہ کے پرووائس چانسلر ، ڈین فیکلٹیز ، سینئر اساتذہ، جامعہ کے رجسٹرار سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیم و تحقیق اوردیگر اہم ایجنڈے زیرغورلائے گئے جن میں ایم فل، پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول ، جدید اور کارآمد تحقیقی موضوعات ، سکالرزکو تخلیقی مواقع ، رہنمائی ، کارکردگی اورمستقبل کے تعلیمی منصوبوں سمیت 10پی ایچ ڈی اور 34ایم ایس /ایم فل سکالرز کو ڈگری ایوارڈدینے کے علاوہ اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس سے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان طلبہ وطالبات کو علمی و تحقیقی مواقعوں کی فراہمی اورسکالرز کو بہتر سمت کی جانب راغب کرنے کے لئے کوشاں ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ بہتر تحقیقی موضوعات کا انتخاب کیا جائے۔