31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومزرعی خبریںجامعہ زرعیہ فیصل آبادمیں زرعی میلہ

جامعہ زرعیہ فیصل آبادمیں زرعی میلہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 13 دسمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں زرعی میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی اور لوک ثقافت کی نمائش سمیت کسانوں، مقامی افراد، محققین، طلبااور صنعت کے پیشہ ور افراد کو اپنی طرف متوجہ کیاگیا۔ایگری ٹورازم کلب سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام تقریب کا افتتاح سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول نے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد افتخارو فیکلٹی ممبران کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر کسان،طلبہ اور مقامی افرادکی بڑی تعداد موجود تھی۔ یونیورسٹی کی ڈی گراؤنڈ میں زرعی ٹیکنالوجی، ثقافت، دستکاری، دیہی کھانوں کے 100 سے زائد سٹال لگائے گئے تھے۔ علاوہ ازیں نیزہ بازی کے مقابلوں کا انعقاد بھی زرعی میلے کا حصہ تھا۔ نیزہ بازی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد ریاض ورک، کنوینئر رانا عامرسعید، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر کے ہمراہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے نیزہ بازی کے مقابلوں کا افتتاح کیا۔ میلے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور غذائی استحکام کے حصول کیلئے اس شعبے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے بہترین افرادی قوت، تحقیقات اور جدت لاتے ہوئے زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے طلبہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ عملی میدان میں بھی نمایاں جوہر دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال دیتی ہیں وہ دنیا کے نقشے سے اپنا وجود ختم کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں اپنی ثقافت اور اقدار کو پروان چڑھانے کیلئے مربوط کاوشیں عمل میں لانا ہوں گی اور یہ میلہ بھی ہمارے نوجوانوں کو مشرقی روایات سے جوڑنے میں کردار ادا کرے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر سرور خاں نے کہا کہ تحقیقی اداروں اور کسانوں کے درمیان خلیج کو دور کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ زرعی میلہ محققین، کاشتکاروں اور انڈسٹری سے منسلک افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں پر وہ اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ جدید رحجانات سے بھی روشناس ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید زرعی رجحانات کو عام کر کے نہ صرف غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی بلکہ دیہی آبادی کی معاشی حالت بھی بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ترقی اور لوگوں میں ہماری قیمتی ثقافت کو پھیلانے کیلئے پرعزم ہے۔ نیزہ بازی مقابلوں میں ملک بھر سے تین سو سے زائد گھڑسواروں نے حصہ لیا اور اپنے فن کے جوہر دکھاتے ہوئے حاضرین کو محظوظ کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=535389

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں