24.9 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومعلاقائی خبریںجب تک لوگ گھروں کو واپس لوٹ نہیں جاتے ریلیف آپریشن جاری...

جب تک لوگ گھروں کو واپس لوٹ نہیں جاتے ریلیف آپریشن جاری رہے گا،مریم اورنگزیب

- Advertisement -

لاہور۔31اگست (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب تک تمام لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹ نہیں جاتے ریلیف آپریشن جاری رہے گا، وزیر اعلی مریم نواز سیلاب متاثرین کے ریلیف آ پریشن کی نگرانی خود کر رہی ہیں ،شاہدرہ کے مقام پر سیلابی ریلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،جہاں سیلاب زیادہ ہوگا وہاں ڈی سی سکولوں کو بند کرنے کا اختیار رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ایٹ کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

سینئروزیر نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال تاریخ کی غیر معمولی صورتحال ہے،سیلاب کے پانی سے تین دریائوں راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتحال کبھی ایسی نہیں ہوئی جو اب ہوئی ہے،وزیر اعلی مریم نواز سیلاب متاثرین کے ریلیف آ پریشن کی نگرانی خود کر رہی ہیں،وزیر اعلی پنجاب اور تمام مشینری ایک مٹھی کی طرح غیر معمولی صورتحال سے عوام کی جانیں بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے 20 لاکھ آبادی متاثر ہوئی جس میں سے ساڑھے7 لاکھ آبادیوں اور5لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات تک پہنچا دیئے گئے جبکہ ایک لاکھ پندرہ ہزار لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

- Advertisement -

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مویشیوں کے علاج کے لئے 400سے زائد ویٹنری کیمپس لگائے گئے ہیں،پولیس ،پیرا فورس اورسول ڈیفنس کو ان کیمپس کیلئے مختص کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کیمپوں میں خشک راشن دے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کے تمام نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے، گھروں و فصلوں کا زیادہ نقصان ہواہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بارشی پانی سے ملک میں سیلاب نہیں بلکہ بھارت نے سپیل ویز کھولے تو پاکستان میں سیلاب آیا ہے، اس وقت تاریخ ساز سیلاب سے نمٹا گیا ہے، یو سی تھانوں کی سطح پر سیلاب سے متاثرہ گھروں میں چیزوں کی چوری کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں کے کناروں پر خطرناک آبادیاں ہیں انہیں بچانا ہمارا مقصد ہے،مستقبل میں آبی گزرگاہوں پر تعمیرات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،ڈرون اورتھرمل کیمروں سے لوگوں کو ریسکیو کیاگیاہے ، اس وقت صوبے میں مشکل حالات لہذا عوام سے اپیل ہے کہ پانی سے دور رہیں۔ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہدہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں ایک بھی انسانی جان ضائع نہیں ہو ئی بلکہ شاہدرہ کے جن علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوا وہاں سے تمام لوگوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے جنگلات سے لکڑی کی کٹائی پر ایکشن لیا ہے، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا،درختوں کی آکشن کو مکمل طور پر بند کررہے ہیں ،اس کی وجہ سے جنگلات میں اندھادھند لکڑی کاٹی جاتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میںمریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ڈیمز کی تعمیر پر کام شروع ہوچکا ، یہ پلان اے ڈی پی میں اور حالیہ سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر تمام ایم پی ایز و ایم این ایز فیلڈ اور حلقوں میں موجود ہیں ، عوام کی جانوں کو بچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ،موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے ہمیں پانی کو محفوظ اور لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی بھی بااثر افراد کی زمین کو بچانے کیلئے سیلاب کا رخ آبادی کی طرف نہیں موڑا گیا، یہ من گھڑت اور بے بنیاد کہانیاں ہیں،سیلاب پر ٹرولنگ کا جواب نہیں دینا چاہتی، یہ وہ وقت نہیں ہے بلکہ اس وقت پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کا ویژن ہے کہ پنجاب ترقی کے لحاظ سے ایسا صوبہ بنے کہ دنیا میںاسکی مثال دی جائے ،جہاں پر عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا ہوں ، اچھی صحت و بہتر تعلیم ان کا بنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہاں سیلابی پانی زیادہ ہوگا وہاں کے علاقے کا ڈی سی سکولوں کو بند کرنے کا اختیار رکھیں گے،کل سوموار سے لاہور میں سکول کھلیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے لگائے گئے الخدمت فائونڈیشن کے کیمپ نہیں اکھاڑے بلکہ انہوں نے یہ ضرور کہا ہے کہ کیمپس میں جن سہولیات کی کمی ہے، انہیں پورا کریں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں