
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جب 342 کا بیان ہو چکا ہے تو کوئی مقصد نہیں کہ آپ راہ فرار اختیار کریں۔ جمعرات کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جانے کا مقصد اس کیس کی کارروائی روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے جو گواہان پیش کیے وہ سارے غیرمتعلقہ ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ چونتیس پیشیاں ستر پیشیاں پر جائیں ،حقیقت یہ ہے کہ تحفے لیے گئے، بیچے زیادہ کے ہیں ،رقم کم بتائی گئی ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ بھاگ بھاگ کے سپریم کورٹ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے بھی ثابت کر دیا کہ آپ نے جج کی جعلی پوسٹس لگائیں، آپ کا دوہرا معیار اور چور بازاری نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ کو کسی نے غلط بتایا ہے، اپیل فیصلے کے بعد ہوتی ہے پہلے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ جو چوری کے راستے ڈھونڈیں ،چوری چوری ہے ، جو آپ نے گواہان دئیے اس پر صدقے جائیں۔