نوے لاکھ پاکستانی تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستانیوں کو جلدنئے پاکستان کی خوشخبری دیتا ہوں، مافیا سے ملک کو آزاد کرانے کی جنگ میں ہم کامیاب ہوں گے ، وزیر اعظم عمران خان کا روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی تقریب سے خطاب

91

جدہ ۔9مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 90 لاکھ پاکستانی تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستانیوں کو جلدنئے پاکستان کی خوشخبری دیتا ہوں، مافیا سے ملک کو آزاد کرانے کی جنگ میں ہم کامیاب ہوں گے ،قانون کی بالا دستی کا حامل معاشرہ ہی ترقی کرتا ہے، سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، پاکستان کی خوشحالی میں تارکین وطن کا بہت مثبت کردار دیکھ رہاہوں، پاکستانی معیشت کی بہتری پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔

اتوار کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال میں ہر سال 9 ارب روپے کا خسارہ تارکین وطن پاکستانیوں کے عطیات سے پورا ہوتا ہے ، اس میں سے 40 فیصد حصہ سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی تارکین وطن کا ہے۔ میں پاکستانی تارکین وطن کو بہتر جانتا ہوں۔ کرکٹ کے دور میں ان کے ساتھ تبادلہ خیال رہا۔ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو بہت دیر سے جانتا ہوں۔ میرے ساتھی احسن رشید نے ان سے بہت متعار ف کرایا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کے بارے میں تارکین وطن کو بہتر سہولیات نہ دینے کی شکایات مل رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سفیر کا تارکین وطن سے مکمل رابطہ ہو نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ ایک زبردست اقدام ہے۔ حکومت میں آنے کے بعد پہلی ترجیح یہ تھی کہ اوور سیز پاکستانیوں سے کیسے کام لیں، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ترسیلات زر میں اضافہ پر غور کررہے تھے ، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے اس میں بہتری آئی ۔

وزیر اعظم نے دنیا میں ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے ۔ انہوں نے رضا باقر کو ہدایت کی کہ وہ اوور سیز پاکستانیو ں سے رابطے کے لئے خصوصی پورٹل بنائیں۔ 90 لاکھ پاکستانی تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہم ان کی صلاحیتوں سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس پر غور کیا ۔ ہم انہیں ابھی تک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے نہیں لا سکے اس کی کئی وجوہا ت ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت پاکستان کے لئے معاشی طورپر مشکل وقت تھا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے شکر گزر ہیں انہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ آئل کی موخر ادائیگیوں کی سہولت تھی۔ اگر یہ مدد نہ ہوتی تو پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ کوویڈ نے دنیا کی معیشتوں کو تباہ کیا۔

ہندوستان میں حالیہ تیسری لہر تباہ کن ہے۔ اس سے قبل لاک ڈائون نے بھی بھارتی معیشت کو نقصان پہنچایا ۔پاکستان ان چند ملکوں میں سے ایک ہے جس نے اپنے لوگوں کو کورونا سے بچایا، معیشت اور روزگار کو بھی بچایا ۔ ایسے وقت میں جب دنیاکی معیشتیں تباہ ہو گئیں، پاکستان کی بڑھنا شروع ہوئیں جو معیشت کےلئے مثبت اشارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت ہائوسنگ اہم منصوبہ ہے۔ اس میں کچھ سستی ضرور ہے کیونکہ اس سے قبل بینک عام آدمی کو قرض نہیں دے رہے تھے۔ ہم نے بینکوں کو تربیت دلائی ، سٹیٹ بینک نے اس ضمن میں مدد کی ۔ اب لوگوں میں یہ شعور آ گیا ہے کہ کرائے دینے کی بجائے وہ اپنےگھر کے لئے قرض کی قسطیں دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں پاکستان میں اچھا وقت نظر آرہا ہے۔ پاکستان کی خوشحالی میں تارکین وطن کا بڑا کردار دیکھ رہا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے حالیہ دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات مثالی ہیں۔ سعودی عرب ہمارے ساتھ ہمیشہ مشکل وقت میں کھڑا رہا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ دورہ کے دوران خانہ کعبہ اور روضہ رسول کے اندر جانےسے ہمیں ایک نئی قوت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرانے سٹیٹس کوکے خلاف نئے پاکستان کے لئے جو جدوجہد چل رہی ہےاس میں ہمارا عزم اور حوصلہ مزید بلند ہو گا۔ ایک طبقہ پرانے سٹیٹس کو ہی برقرار کھنے کا خواہش مند ہے تاہم دوسری طرف پاکستان کے عوام تبدیلی کے لئے ہمارے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اہم لمحہ ہے جس معاشرے میں قانون کی بالا دستی ہو وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے۔ لیکن طاقت کی حکمرانی والا معاشرہ آ گےنہیں بڑھ سکتا۔ انسانیت اور انصاف کے نظام کا مقابلہ طاقت اور جنگل کے قانون کے ساتھ ہے۔ تحریک انصاف کا نام ہی ہم نے معاشرے میں انصاف کے لئے رکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے خوشحال ممالک قانون کی حکمرانی اور انصاف سے ترقی کے سفر پر گامزن ہوئے۔ طاقت کی حکمرانی کی وجہ سے وسائل کے باوجود ملک آگے نہیں بڑھ سکتے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ تارکین وطن ہماری طاقت ہیں۔ وہ اپنے ملک کی بہتری کے متمنی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کی وجہ سے پاکستان کے عوام میں شعور آ چکا ہے۔ 70 سال پہلے قائد اعظم محمد علی جناح آئین اور قانون کی حکمرانی کی حامل شخصیت ہمارے لیڈر تھے تاہم ہم اس راستے سے ہٹ گئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری جنگ مافیا سے ملک کو آزاد کرانے کی ہے جس طرف پاکستان نکل گیا ہے۔ بہت جلد ایک نیاپاکستان سب کے سامنے ہوگا۔

قبل ازیں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ایک لاکھ 30 ہزار اکائونٹس اب تک کھولے گئے ہیں۔سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے پاکستانیوں نے بھجوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک سرمایہ بھیج سکتے ہیں۔ اب پاکستان کا کرنٹ اکائونٹس سرپلس میں ہے۔ وزیراعظم کے ویژن کے تحت ہمارا یکس چینج ریٹ مارکیٹ بیس کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 8 سے 9 فیصد کمی ہوئی ہے۔