15.7 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 22, 2025
ہومتازہ ترینجعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ پر پی ٹی آئی، بی ایل اے...

جعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ پر پی ٹی آئی، بی ایل اے اور بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا قابل مذمت ہے، سیکورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ آپریشن مکمل کیا، 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، عطاءاللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے جعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ پر پی ٹی آئی، بھارتی میڈیا اور بی ایل اے کے جھوٹے پروپیگنڈے اور اس گھنائونے حملے پر سیاست کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی جعفر ایکسپریس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے، حملے سے متعلق جعلی ویڈیوز اور جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، سیکورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا،

آپریشن کے دوران کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، 4 فوجی جوانوں اور 21 شہریوں کی شہادت آپریشن سے پہلے ہوئی، دوران آپریشن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پاک فوج، ایس ایس جی، ایف سی، رینجرز اور پولیس کی مہارت سے ملک بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔

- Advertisement -

بدھ کو بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، 33 دہشت گرد پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنانے آئے تھے جنہیں جہنم واصل کیا گیا، 21 شہری اور 4 ایف سی کے جوان آپریشن سے پہلے شہید ہوئے، آپریشن کے دوران پاک فوج، ایف سی اور رینجرز کے جوانوں نے مہارت، بہادری اور دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا،

دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے یرغمالیوں کے درمیان موجود تھے، ان دہشت گردوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ جہنم واصل کیا گیا۔ خودکش جیکٹس پہنے ہوئے دہشت گردوں کو جب ٹارگٹ کر کے ختم کیا گیا تو یرغمالیوں کو وہاں سے نکلنے کا موقع ملا، 100 سے زائد یرغمالیوں کو بحفاظت ان کے گھروں اور محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا جو پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرین میں 440 لوگ سوار تھے،

پاک فوج، ایس ایس جی، ایئر فورس، ایف سی اور رینجرز نے بڑی مہارت سے یہ آپریشن مکمل کیا اور قوم کو بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی طرف سے پروپیگنڈا کیا گیا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اس چیز کے لئے پہلے سے تیار تھے اور فوری طور پر ان تک تمام چیزیں پہنچ رہی تھیں، ان ویڈیوز کو کیسے جھٹلائیں گے، ڈرون فوٹیج سامنے آگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے پاک فوج نے بھرپور آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان میں اس اندوہناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کیا، انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک ہی زبان بول رہے تھے،

کاش وہ ایک دن کے لئے پاکستانی بن کر سوچتے، اس آپریشن کے حوالے سے مستند معلومات کو استعمال کر کے اس پر بات کرتے، افسوس کہ یہ موقع بھی انہوں نے اپنے مفاد میں استعمال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے 21 شہریوں اور پاک فوج کے 4 جوانوں کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے اور غازیشن کو آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کسی جانی نقصان کا نہ ہونا معجزے سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے انتہائی ذمہ داری سے اس آپریشن کو انجام دیا جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے لیکن اس پر جو سیاست کھیلی گئی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اور اسے رد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، بی ایل اے اور انڈین میڈیا نے جو کھیل کھیلا، اس کا ہم نے بھرپور مقابلہ کیا اور انہیں بتایا کہ قطعاً مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بی ایل اے اور انڈین میڈیا کو شکست ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو بھی شرمسار ہونا چاہئے کہ وہ ایک ایسی زبان بول رہے تھے جو قومی مفاد کے خلاف تھی، اس موقع پر کم از کم سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہ کرتے، ایک دن پاکستانی بن کر پاکستان کے مفاد کے بارے میں سوچتے کہ کس بہادری کے ساتھ نہ صرف لوگوں کو بازیاب کرایا گیا اور قوم بڑے نقصان سے محفوظ رہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہم جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جب تک دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف ہماری سیکورٹی فورسز، افواج پاکستان، پولیس، رینجرز متحرک ہیں، ان دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سب کا غیر متزلزل عزم ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی، وہ کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے حوصلے اور ہمت کے ساتھ پوری طرح تیار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بات ہوئی، کل وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں لائحہ عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571760

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں