جلد 8 مختلف روٹس پر ٹرینوں کو بحال کررہے ہیں ، 8 کروڑ لوگ مستفید ہونگے ،وزیرریلوے حنیف عباسی

20
جلد 8 مختلف روٹس پر ٹرینوں کو بحال کررہے ہیں ، 8 کروڑ لوگ مستفید ہونگے ،وزیرریلوے حنیف عباسی

اوکاڑہ۔ 09 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی ریلوے کے ساتھ لازم وملزوم ہے جلد 8 مختلف روٹس پر ٹرینوں کو بحال کررہے ہیں جس سے 8 کروڑ لوگ مستفید ہونگے۔ہماری مسلح افواج نے بھارت کا جنگی جنون خاک میں ملا دیااور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے ،ہماری مسلح افواج خصوصی طور پر ہمارے شاہینوں نے بھارت کوناکوں چنےچبواد ئیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کینٹ آمد کے بعد اوکاڑہ کینٹ میں رہائش پذیر ایس ٹی اکرم سندھو جو چند روز قبل خانیوال میں دوران ڈیوٹی برج سے گر کر شہید ہو گئے تھے کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج خصوصی طور پر ہمارے شاہینوں نے بھارت کوناکوں چنےچبواد ئیے ،بھارت نے ہمارے معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا لیکن ہماری مسلح افواج نے انکے شہریوں کو نشانہ بنانے کی بجائے بھارت کے درجنوں ائیربیسز کو تباہ کیا ۔

رافیل طیاروں سمیت چھ طیارےتباہ کر کے کباڑ میں بدل دیا ،اس جنگی جنون میں بھارت کو ہزیمیت اٹھانا پڑی ہے ،انشااللہ آئندہ وہ ایسی گھناونی حرکت کرنے سے قبل ہزار بار سوچے گا ۔جولوگ کہتےتھے کہ یہ جنگ نورا کشتی ہے اب انکی آنکھیں کھل جانی چاہیں، پاکستانی افواج نے اس جنگ میں پوری دنیامیں اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ دھاک بٹھادی ہے۔

اس موقع پر پاکستان ریلوئے کے چیف ایگزیکٹو اورمقامی ایم این اے ریاض الحق جج بھی موجود تھے۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے مزید کہاکہ ملکی معشیت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کےلیے ریلوئے پرخرچ کرتے ہوئے اپ لفٹ کرناہوگا ۔ملکی ترقی و خوشحالی ریلوے کے ساتھ لازم وملزوم ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر ہم پسنجر اور فریٹ ٹرینوں کو سنٹرل ایشا سے یورپ تک لے جاناچاہتے ہیں ملکی ترقی کےلیے ریلوے کو آپ لفٹ کرنا ناگزیرہوچکا ہے۔ ٹرینوں اور اسٹیشنز کو آپ لفٹ کرنے کےلیے تیزی سے کام جاری ہے۔ آنیوالےدنوں میں 8 مختلف روٹس پر ٹرینوں کو بحال کررہے ہیں جس سے 8 کروڑ لوگ مستفید ہونگے۔

پاکستان ریلوئے کے ہسپتال سکول اوردیگر ڈیپارٹمنٹ آؤٹ سورس کررہے ہیں، 40 سے زاہد ٹرینوں میں فری وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائیگی کوہاٹ سے لیکر کولاچی اور ازبکستان تک 800 کلو میٹر ریلوے ٹریک بچھایاجائیگا۔