سیالکوٹ۔ 02 جولائی (اے پی پی):معروف سماجی رہنما مہر قیصر مجید نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کا انحصار عوام کے حقِ رائے دہی کے مؤثر استعمال پر ہے، ووٹ صرف ایک پرچی نہیں بلکہ ایک قوم کی تقدیر بدلنے والی طاقت ہے، جسے پوری ذمہ داری شعور کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو شعور دیا جائے، خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کو تاکہ وہ آگے بڑھ کر جمہوریت کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار جمہوری نظام کے فروغ اور عوامی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معروف سماجی رہنما مہر قیصر مجید نے ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر مہر قیصر مجید نے کہا کہ ہر فرد کا ووٹ ایک قومی امانت ہے، جس کے درست استعمال سے ہی ہم ایک باوقار، شفاف اور عوامی حکومت کا قیام ممکن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ ووٹر آگاہی مہمات کو فروغ دیں اور ووٹنگ کے عمل کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے عوامی سطح پر بیداری پیدا کریں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور شرکت کریں گے اور دوسروں کو بھی ووٹ کے استعمال کی ترغیب دیں گے تاکہ جمہوریت کو مستحکم کیا جا سکے۔