نوازشریف کو حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے مفرور قرار دیا ہے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکاگورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب

80

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کا گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں روڈ شو کا انعقاد کیاگیا ہے،دسمبر 2021تک پنجاب کے تمام 2کروڑ 22لاکھ خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے، صحت کے شعبہ میں نجی سیکٹر کو بھی قرضوں کی صورت میں مراعات دی جائیں گی،نوازشریف کو حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے مفرور قرار دیا ہے، نوازشریف کو اپنے وعدہ کے مطابق وطن واپس آکر پاکستانی عدالتوں کا سامنا کرنا اور اپنی سزا بھگتنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کے روڈشو کی تقریب کے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی، ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن ڈاکٹر کرن خورشید، اراکین پنجاب اسمبلی قاسم خان، واصف مظہر، محمد سلیم، طارق عبداللہ، اعجاز حسین جنجوعہ، میاں طارق، چیئرمین پی ایچ اے ملتان اور پروفیسر جاوید چوہدری کے علاوہ شرکا کی کثیرتعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ رواں سال کے مالی بجٹ کے اختتام تک دو ڈویژنز ساہیوال اور ڈی جی خان کے تمام خاندانوں میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے اور اب تک ان دونوں ڈویژنز میں 42فیصد صحت سہولت کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں،پرائیویٹ سیکٹر میں صحت سہولیات کی دستیابی کیلئے 40ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیاجا رہا ہے،ملتان کارڈیالوجی ہسپتال کی توسیع منصوبہ کیلئے جلد فنڈز فراہم کئے جائیں گے،پنجاب کے ہر شہری کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری اوراولین ترجیح ہے،پورے پنجاب میں مرحلہ وارصحت سہولت کارڈتقسیم کر دیئے جائیں گے،صحت سہولت کارڈ کی تقسیم کا بہت بڑا منصوبہ ہے جس پر ابتدائی طور پر 40ارب روپے کی لاگت آ رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کے مفت علاج اور ادویات کی فراہمی کیلئے گذشتہ سال14ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی تھی،باقی صوبوں کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال بہت بہتر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بستروں سمیت تمام وسائل میں اضافہ کرنا ہے،کورونا وائرس کے باعث جو زیرتکمیل منصوبوں میں تاخیرہوئی اس کیلئے وفاقی حکومت نے ہمیں 20سے 22ارب روپے اضافی دینے کا وعدہ کیا ہے تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیاجاسکے۔یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ کے عوام کو صحت کے شعبہ میں بہتر سہولیات دینا چاہتے ہیں،نشترIIملتان، کارڈیالوجی ہسپتال ڈیرہ غازی خان، راجن پور 200بستروں کا ہسپتال اور بہاولنگر میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال پر تیزی سے کام جاری ہے،پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کے ذریعے صحت کے شعبہ میں روزگار تلاش کرنے والوں کو قرض دیا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت روزگار کما سکیں جس میں آسان شرائط پر قرض کی میعاد کو بھی بڑھا دیا گیاہے،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میں رجسٹرڈ پرائیویٹ ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں سہولت دیں گے،ہمارے ساتھ عوام کھڑی ہے جس کے تحت صحت کے شعبہ میں آنے والے تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے۔آج اس تقریب میں بیٹھے پارلیمنٹیرینز اپنے علاقہ میں صحت کے شعبہ میں مفت سہولیات دینے کا پیغام پھیلائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران انتظامیہ، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو لازوال خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دنیا کی بڑی طاقتوں نے کورونا وائرس کی پہلی لہر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو سراہا،پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کے تحت کامیاب روڈشو کے انعقاد پر ایم ڈی ڈاکٹر کرن خورشید کو شاباش اور مبارکباد دیتی ہوں۔ پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن گذشتہ بیس سال سے طب سے وابستہ افراد کو کاروباری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا ویژن تھا کہ ہیومن ریسورس پر توجہ دی جائے اور پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کو اسی کام کیلئے متحرک کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ابھی تک 100فیصد میرٹ پر32ہزار ڈاکٹروں کی بھرتی کی گئی ہے جس میں 500میل نرسز اور 400فارماسسٹس بھی شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے نشتر IIہسپتال کی سائٹ کا بھی دورہ کیا جہاں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے صوبائی وزیر صحت کو جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے تین بار وزیراعظم بننے والے نوازشریف کو ہم نے نہیں عدالتوں نے مفرور قرار دیا ہے ان کو اپناوعدہ پورا کرکے وطن واپس آکر پاکستانی عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے اور اپنی سزا بھگتنا چاہیے۔آج سے پہلے کسی بھی حکومت نے صحت کے شعبہ میں دلچسپی نہیں لی۔ہم نے نوازشریف کا علاج کرکے ٹھیک کیا تھا ان کی میڈیکل رپورٹس کی بنا پر ان کی ضمانت کی مدت میں توسیع ہونی تھی۔ نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس آتیں تو میڈیکل بورڈ اس کا بغور جائزہ لیتا۔آپ تسلی رکھیں نوازشریف کوبیرون ملک بھیجنے والا گرنٹرہمارے پاس ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب کیلئے آئندہ ایک سال انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دسمبر 2021تک یونیورسل ہیلتھ کوریج کے ذریعے پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، نجی سیکٹر کیلئے نشوونما پانے کیلئے نادر موقع ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے اس موقع پر کہاکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کو دوبارہ زندہ کرکے اس میں جان ڈال دی ہے، جنوبی پنجاب میں پنجاب ہیلتھ فاو ¿نڈیشن کا روڈ شو اور مختلف سکیموں کا افتتاح تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فا ئونڈیشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہاکہ وزیرصحت و دیگر انتظامیہ خوش آمدید کہتے ہیں اور وزیرصحت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے طب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے بے پناہ آسانیاں پیدا کی ہیں۔