جنوری کے دوران عالمی سطح پرمہنگائی کی شرح میں اضافہ، قدرتی گیس کے نرخ 16.1 فیصد ، خام تیل کے 15.2 فیصد بڑھ گئے، عالمی بینک

72

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):عالمی بینک نے کہاہے کہ رواں کیلنڈرسال کے پہلے مہینہ میں عالمی سطح پرمہنگائی کی شرح میں دسمبرکے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ دسمبر2021 کے مقابلہ میں جنوری کے مہینہ میں عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں 8 فیصد، زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں 4.2 فیصد اورمعدنی دھاتوں کی قیمت میں 7.3 فیصدکااضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں کوئلہ کی قیمت میں 16.1 فیصد، قدرتی گیس کی قیمت میں 16.1 فیصد اور خام تیل کی قیمت میں 15.2 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، غیرتوانائی اشیا کی قیمتوں میں 4.7 فیصدکااضافہ ہواہے۔

رپورٹ کے مطابق زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طورپر4.2 فیصدکااضافہ ہواہے جبکہ اشیاء خورد و نوش کے نرخوں میں اوسطاً 5.2 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔

خوردنی تیل اورکھانوں کی قیمت میں 8.7 فیصد،اجناس کی قیمت میں 4 فیصد اورمشروبات کی قیمت میں 1.4 فیصدکااضافہ ہواجبکہ خام اشیا کی قیمت میں اضافہ کی شرح 2.6 فیصدریکارڈکی گئی ہے تاہم دسمبرکے مقابلہ میں جنوری 2022 میں کھادکی قیمت میں 3.6 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق دسمبر کے مقابلہ میں دھاتوں کی قیمت میں اوسطاً 7.3 فیصدکااضافہ ہواہے، عالمی منڈی میں لوہے کی قیمت میں 13.3 فیصد، نکل 11.7 فیصد، ایلومینیم 11.5 فیصد، زنک 6 فیصد اورتانبا کی قیمت میں 2.4 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔قیمتی دھاتوں کی قیمت میں 1.7 فیصدکااضافہ ہواہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں کوکونٹ آئل کی قیمت میں 18.90 فیصد، سویابین 4.43 فیصد، کاٹن 10 فیصد، چاول 6.75 فیصد، چکن 5.10 فیصد اور مکئی کی قیمت میں 4.57 فیصد کا اضافہ ہواہے، اس کے برعکس چینی کی قیمت میں 3.18 فیصد اورکافی کی قیمت میں 2.36 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔