24.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںجنگ شروع تو بھارت نے کی ہے اختتام ہم کریں گے ،...

جنگ شروع تو بھارت نے کی ہے اختتام ہم کریں گے ، قوم بھارتی جارحیت کے خلاف جذبہ ایمانی سے سرشار ہے ، مسلم لیگ( ن) کے رہنمائوں کا اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ یہ جنگ شروع تو بھارت نے کی ہے اس کا اختتام ہم کریں گے ، پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف جذبہ ایمانی سے سرشار ہے ، ہمارا بچہ بچہ وطن پر قربان ہونے کے لئے تیار ہے ، قوم کا یہ اتحاد پاک فوج کی اصل طاقت ہے ، یقین دلاتے ہیں کہ یہ قومی وحدت کم نہیں ہوگی ، یہ ملک تا قیامت قائم و دائم رہے گا ۔ بدھ کو آبپارہ چوک میں بھارتی حارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ہے پوری قوم کا جذبہ دیدنی ہے ، قیام پاکستان کے وقت دوقومی نظریہ کے تحت جو جذبہ اس وقت تھا آج وہی جذبہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، پہلگام آزاد کشمیر کی سرحد سے 280 کلو میٹر کے فاصلہ پر ہے ، ان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ یہ ہے کہ یہ کارروائی کرنے کے بعد خیریت سے واپس بھی آ گئے اور واقعہ کے 10 منٹ بعد الزام پاکستان پر لگا دیا گیا ، یہ مودی کا بہیمانہ منصوبہ تھا۔

گزشتہ رات دشمن نے بزدلانہ حملہ کیا، ہمارے شاہینوں نے میڈ ان پاکستان طیاروں سے رافیل طیاروں کو مار بھگایا ۔ رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کے شیئرز کی قیمت گر گئی ہے ۔ ہم دشمن کو ایسا سبق دیں گے کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ ہماری بہادر مائیں اور بہادر باپ اپنے بچوں کو یہ تلقین کرتے ہیں کہ گولی پیٹھ پہ نہیں سینے پہ کھانی ہے۔ جب تک ایسی بہادر مائیں اور باپ موجود ہیں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ۔ بھارت اسلحہ تو خرید سکتا ہے مگر جذبہ شہادت کہاں سے لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار اور پاک فوج سمیت پوری قوم اور سیاسی جماعتوں نے اس جھنڈے کی حرمت کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ ہمارا بچہ بچہ وطن پر مر مٹنے کے لئے تیار ہے ۔ بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے ۔ راجہ خرم نواز نے کہا کہ زندہ قومیں مشکل وقت میں اکٹھی ہوکر ملک اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔

- Advertisement -

بھارت کی طرف سے پہلگام کا ڈرامہ رچا کر جنگ مسلط کی گئی۔ ہمارے میڈیا نے بھارتی پراپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کیا اور بھارت کو یہ باور کرایا کہ ان کا موقف جھوٹ پر مبنی ہے ۔ قوم کو یہ فخر ہونا چاہیئے کہ پاکستان کے ایک گجراتی نے بھارت کے گجراتی کو بھاگنے پر مجبور کر دیا ، بھارت کے رافیل طیاروں کو مار گرایا ۔ ہم مودی کو بتانا چاہتے ہیں کہ تمہارے چائے کے شوقینوں کو اس مرتبہ بسکٹ بھی کھلائیں گے ۔ ہم نے دہشت گردی اور بدامنی کے واقعات میں 80 ہزار جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ پوری قوم اپنے سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہم اب مودی کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ انجم عقیل خان نے کہا کہ عوام کی محبت اور جذبہ لائق تحسین ہے ۔ پاکستان اور پاک فوج سے محبت کا اظہار دیدنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پوری قوم پاکستان اور مسلح افواج سے محبت کرتی ہے ۔

ہم وطن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے لئے تیار ہیں ۔ اپنی مسلح افواج کے شہداء کو خراج عقیدت ہیش کرتے ہیں ۔ یہ وہ جذبہ ایمانی ہے جسے کوئی شکست نہیں دے سکتا ۔ بھارت دیکھ لے کہ کس طرح پوری قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے ۔ پوری قوم کے اس جذبہ کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ ہمارے قائد محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، یہی وجہ ہے کہ دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ ہم مکار اور شرارتی نہیں ہیں، ہم مسلمان ہیں، ہمیں مجبور کیا گیا تو پھر بھرپور اور منہ توڑ جواب دیں گے ۔ رکن قومی اسمبلی فرح ناز نے کہا کہ ہم نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی ہے ۔ دیگر مقررین نے کہا کہ یہ جذبہ حب الوطنی بے مثال ہے ، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے اور ہم اپنے تن من اور دھن کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

بھارتی حملہ میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، مسلح افواج بھارت کو ہر محاذ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594107

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں