ہیڈنگلے۔18ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے سٹار کرکٹر جو روٹ کو آئرلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں انگلش سکواڈ میں شامل کرلیا گیا، روٹ کو ان کی خواہش پر بدھ کو ہیڈنگلے میں ہونے والے ون ڈے سیریز کیلئے ہیری بروک کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، روٹ آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنا چاہتے ہیں،
نوجوان کرکٹر ہیری بروک آئرلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے انگلش سکواڈ کا حصہ تھے تاہم انہیں اتوارکے روز جیسن روئے کی جگہ انگلینڈ کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام کریں گے۔ جو روٹ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں فارم میں نظر نہیں آئے انہوں نے ابتدائی تین میچوں میں 6,0 اور 4 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ چوتھے ون ڈے میں 40 رنز بنائے۔
روٹ نے ورلڈ کپ 2019ء سے اب تک صرف 16 ون ڈے میچوں میں حصہ لیا ہے،واضح رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے انگلینڈ کے ابتدائی 13رکنی سکواڈ میں ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ 15رکنی سکواڈ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔